ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / آئی ایس آئی ایس سے وابستہ لوگوں کو مدد کرکے اویسی ملک کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں :بی جے پی

آئی ایس آئی ایس سے وابستہ لوگوں کو مدد کرکے اویسی ملک کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں :بی جے پی

Sun, 03 Jul 2016 23:47:41    S.O. News Service

نئی دہلی، 3 ؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مبینہ طورپرآئی ایس آئی ایس ماڈیول کے رکن ہونے کو لے کر گرفتار ہوئے مسلم نوجوانوں کو قانونی امداد دینے کے فیصلے پر اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے آج ان پر ملک کے ساتھ غداری کرنے کا الزام لگایا اور دہشت گرد گروپ کی مدد کرنے کے سلسلے میں ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے الزام لگایا کہ اویسی دہشت گردوں کو آکسیجن دے رہے ہیں اور وہ عسکریت پسندوں کے ساتھ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔بی جے پی کے قومی سکریٹری سری کانت شرما نے کہاکہ اویسی براہ راست یا بالواسطہ طور پر آئی ایس آئی ایس کی مدد کر رہے ہیں جس نے ایک ویڈیو پیش کیا ہے ،اس ویڈیومیں ہندوستان کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔یہ ملک کے ساتھ غداری ہے۔ایک طرف آپ آئی ایس آئی ایس کی مذمت کرتے ہیں اور دوسری طرف آپ ان کی حمایت کرتے ہیں جو اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔شرما نے کہاکہ تفتیشی ایجنسیوں کو قانونی دائرے میں ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے ۔جو براہ راست یا بالواسطہ طور پر دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں ان کی مذمت کی جانی چاہیے ۔نقوی نے کہاکہ سیاست میں کسی کو اتنا نہیں گرنا چاہیے کہ وہ دہشت گردی اور اس کی حمایت کرنے والوں کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔انہوں نے کہاکہ جو اس طرح کا بیان دے رہے ہیں وہ دہشت گردی کوآکسیجن دے رہے ہیں۔آپ سیاست کریں لیکن ان کارروائیوں سے گریز کریں جس سے ایسا لگے کہ آپ دہشت گردی کی حمایت کر رہے ہیں۔بی جے پی ترجمان نلن کوہلی نے کہا کہ کچھ کرنے سے پہلے اویسی کو اس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا چاہیے تھا کیونکہ ثبوت اشارہ کر رہے ہیں کہ گرفتار کئے گئے نوجوان رمضان کے دوران دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دینے کا مبینہ طور پر منصوبہ بنا رہے تھے۔


Share: